کامیاب جوان پروگرام کے تحت اب تک10 ہزار نوجوان مستفید ہو چکے ہیں،40 لاکھ نوجوانوں کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت غربت سے نکالنا ہے، وزیر مواصلات مراد سعید

143

اسلام آباد۔6اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروس مراد سعید نے کہا ہے کہ  کامیاب جوان پروگرام کے تحت اب تک 10 ہزار نوجوان مستفید ہو چکے ہیں۔پاکستان کا نوجوان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو رہا ہے۔40 لاکھ نوجوانوں کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت غربت سے نکالنا ہے ۔ہر غریب کو اپنی چھت، خاندان کے ایک فرد کو ٹیکنیکل تعلیم اور کسانوں کو آسان قرضے فراہم کرنے ہیں۔نوجوان کامیاب ہو گا تو پاکستان کامیاب ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان پوسٹ اور بینک آف پنجاب کے درمیان کامیاب جوان پروگرام کے تحت فرنچائزڈ پوسٹ آفسز کے قیام کے لئے قرضے کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  وزیر مواصلات  مراد سعید نے کہا کہ اب تک 10 ہزار سے زائد نوجوان فرنچائز پوسٹ آفسز کے قیام کے لئے درخواستیں دے چکے ہیں جن میں سے 2700 درخواستیں منظور ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان باصلاحیت ہے جسے فرنچائز ڈیجیٹل پوسٹ آفسز کے قیام میں مالی اعانت فراہم کرکے نہ صرف اپنے پیروں پر کھڑا ہو سکتا ہے بلکہ معشت میں اپنا حصہ ڈالنے کے قابل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ باصلاحیت نوجوان دوسروں کے ذریعہ معاش کابھی ذریعہ بنے گا۔

مرادسعید نےمزید کہا کہ  وزیراعظم نے کامیاب نوجوان پروگرام کے علاوہ چھوٹے کاشتکاروں کے لئے پہلی مرتبہ قرضوں کی سہولت فراہم کی ہے جبکہ سستے گھروں کی سکیم کے تحت غریب کا چھت میسر آنے کا خواب پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے ۔