شکر گڑھ،20 اگست (اے پی پی ):جنرل سیکریٹری پاکستان گورودوارہ پربندھک کمیٹی سردار امیر سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کرتار پور کوریڈور کے متعلق غلط پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے ،کرتار پور کوریڈور پاکستان حکومت نے بند نہیں کیا۔کرتار پور راہداری 16 مارچ 2020 کو کورونا کے سبب بند کی گئی۔2 اکتوبر 2020 کو پاکستان حکومت نے کرتار پور راہداری کو دوبارہ کھول دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کے تحت بھارتی یاتریوں کو C کیٹیگری سے B کیٹیگری میں شامل کیا،حکومت پاکستان نے بھارتی عوام کے لئے واہگہ بارڈر بھی کھول دیا ہے ،ہندوستان کی حکومت ہٹ دھرمی چھوڑ کر کرتار پور راہداری کھولے۔
جنرل سیکریٹری پاکستان گورودوارہ پربندھک کمیٹی سردار امیر سنگھ نے بھارتی سکھ رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ کرتار پور راہداری کھولنے کے لئے کردار ادا کریں۔