کشمیر کے لئے ہم نے چار جنگیں لڑیں، پاکستان کبھی کشمیر کاز سے پیچھے نہیں ہٹے گا، چوہدری فواد حسین

9

اسلام آباد۔5اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ہم نے کشمیر کے لئے چار جنگیں لڑی ہیں، دوسری جنگ عظیم کے بعد کسی قوم کے الحاق کے لئے ایسی کوششیں کبھی نہیں ہوئیں جس طرح اب ہو رہی ہیں، بھارت کی فاشسٹ حکومت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے، پاکستان کبھی کشمیر کاز سے پیچھے نہیں ہٹے گا، پاکستان کا ہر فرد کشمیریوں کے ساتھ ہے اور رہے گا۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر یوم استحصال کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے جسم کا حصہ ہیں، ہمارے دل کشمیری عوام کے ساتھ اور ان کے دل ہمارے ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیریوں کے ساتھ ہمارے رشتے، ناطے ہیں اور وہ ہمارے خاندان کا حصہ ہیں، ہم نے کشمیریوں کے لئے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں، ہم کشمیر کے لئے اپنا تن من دھن لگا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی طاقت ان کے پیچھے کھڑی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بھارت کی فاشسٹ حکومت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے۔