ملتان، 20 اگست (اے پی پی ):ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے کہا ہے کہ کمرشل اور گھریلو نقشہ جات ایم ڈی اے سے پاس کرانے کا عمل بہت آسان اور قلیل مدتی بنا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو نقشہ پاس کرانے کے لئے زیادہ انتطارنہ کرنا پڑے اور کسی تھرڈ پارٹی کا سہارا بھی نہ لینا پڑے۔
ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم گزشتہ روز ڈائریکٹرز اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے میں شہریوں کے لئے اوپن ڈور پالیسی رائج کر دی گئی ہے، سائلین کے لئے ایم ڈی اے کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے نقشہ جات صرف ایم ڈی اے سے پاس کرائے جائیں گے، اس کے لئے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ شہریوں کی اطلاع کے لئے متعلقہ ہاؤسنگ سکیموں اور مین روڈز پر بڑے بڑے بینرز بھی لگائے جائیں گے اور ان ہاؤسنگ سکیموں میں شہریوں کو سہولت دینے کے لئے کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے آفیسرز کو ہدایت کی کہ نئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں شہریوں کو آگاہ کرنے کے لئے باقاعدہ ایک تحریک چلائی جائے تاکہ شہریوں کا ایم ڈی اے کے لئے اعتماد بحال ہو او ر وہ اپنے مسائل کے حل کے لئے ایم ڈی اے سے رجوع کریں۔
قیصر سلیم نے آفیسرز کو ہدایت کی کہ ای خدمت سنٹر سے مو صول ہونے والے کیسوں کومقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور ان کیسوں کی نگرانی کے لئے علیحدہ پورٹل تیار کیا جائے تاکہ کسی بھی وقت ان کیسوں کا موجودہ سٹیٹس چیک کیا جا سکے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے عارف ضیاء گجر، ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن شاکر عباس بزدار،ڈائریکٹر ٹریفک اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ چوہدری محمد اصغر، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ لینڈ مینجمنٹ طاہر شاہ،ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ راؤ ذکا الرحمن، ڈائریکٹر انجینئرنگ غلام نبی، ڈائریکٹر اربن پلاننگ خواجہ وقاص ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل ارسلان ظفر سیال، ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ محمد آفاق بھٹی و دیگر آفیسران شریک تھے۔