کوہلو،05 اگست(اے پی پی):یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ریلی نکالی گئی، ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے افسران ،سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے جبکہ شہر کی فضاء کشمیر بنے گا پاکستان،پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔
ریلی سے خطاب میں ڈپٹی کمشنرعمران بنگلزئی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر گذشتہ دو سال سے غیر قانونی طور پر بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل کر کے مظلوم کشمیریوں کو محصور کر دیا ہے، متنازع علاقے کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
عمران بنگلزئی نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،بلوچستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔