کھیل چیلنجز سے نمٹنے کا حوصلہ پیدا کرتے ہیں، لیڈر شپ کی صلاحیتیں بڑھتی ہیں، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹر ویمن لیگ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کےدوران خطاب

6

کوئٹہ۔3اگست  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی  نے کہا ہے کہ خواتین سپورٹس کو آج جتنی حوصلہ افزائی مل رہی ہے پہلے کبھی نہیں دیکھی، آج ویمن کرکٹرز کی صلاحیت دیکھ کر حیران رہ گیا، کھیل چیلنجز سے نمٹنے کا حوصلہ پیدا کرتے ہیں، لیڈر شپ کی صلاحیتیں بھی بڑھتی ہیں،کھیل سے لیڈر شپ نکلنے کی مثال وزیرِاعظم عمران خان ہیں۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ میں آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان ڈائمنڈ جوبلی کوئٹہ گلیڈی ایٹر ویمن لیگ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کےدوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ تین سال میں 18 بلین سپورٹس پر خرچ کئے گئے ہیں، اتنی بڑی رقم سپورٹس پر خرچ کرنا خوش آئندہ ہے۔ صدر مملکت عارف علوی نے مزید کہا کہ کھیل سے کرپشن کے خلاف لڑنے کی ہمت پیدا ہوتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہاکی میں بھی لیگز بنیں تو ہاکی کے کھیل میں نوجوانوں کی دلچسپی بڑھے گی، اس وقت پاکستان کے 6 باؤلرز کی دنیا میں بہترین رینکنگ ہے۔  انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے خواتین کی وراثت کے بارے میں فیصلے کا خیر مقدم کرتاہوں،اگر سپورٹس میں نوجوانوں کیلئے راستے کھلیں تو منشیات سے نجات مل سکتی ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جب مجھے آنے کی دعوت دی تو میں نے دلچسپی کی وجہ سے فورا ہاں کردی۔ تقریب کےآخر میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرکٹ ٹیم میں انعامات تقسیم کئے۔