گلگت،19 اگست (اے پی پی): ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں یوم عاشور کے 20 سے زائد جلوس برآمد ہوئے۔ مرکزی جلوس مرکزی امامیہ جامعہ مسجد گلگت سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں راجہ بازار، صدر بازار، جماعت خانہ بازار ، ہسپتال روڈ اور خزانہ روڈسے ہوتے ہوئے واپس امامیہ جامع مسجد میں نماز مغربین پر اختتام پزیر ہوگا.
عزاداروں نے شہید کپٹین ضمیر عباس چوک پر نماز ظہرین ادا کی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ 1200 پولیس، رینجرز ،گلگت بلتستان سکاؤٹس کو تعینات کیا گیاتھا جبکہ جلوس کے راستے پر سیف سٹی پراجیکٹ کے 100 کیمرے نصب کئے گئے تھے۔
کیمروں،بذریعہ ہیلی کاپٹر اور ڈرون کیمروں سے جلوس کی فضائی نگرانی کی گئی جبکہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینرز کے ذریعے بند کردیا گیا تھا۔گلگت میں موبائل سروس بھی صبح سے تاحال معطل کردی گئی ہے۔جلوس میں موجود عزاداروں کیلئے مختلف تنظیموں اورسیاسی جماعتوں کی طرف سے نیازاور سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔