اسلام آباد،16اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارا حتمی مقصد پرامن، متحد، جمہوری، مستحکم اور خوشحال افغانستان ہے۔
یہ بات انہوں نے افغان رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ان سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی،ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہم مل کر افغانستان اور خطے کی بہتری کیلئے لائحہ عمل وضع کریں،ہمارا حتمی مقصد پرامن، متحد، جمہوری، مستحکم اور خوشحال افغانستان ہے،مجھے قوی امید ہے کہ ہم مل کر امن اور مفاہمت کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان میں امن چاہتی ہے،افغان قیادت کیلئے لازم ہے کہ وہ اس تاریخی موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے،افغانستان کے وسیع البنیاد اور جامع سیاسی حل کی راہ ہموار کرے ،ہم سمجھتے ہیں کہ جامع مذاکرات، افغان مسئلے کے پرامن سیاسی حل کا واحد راستہ ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ افغانستان میں بدامنی ہو اور اندرونی انتشار سے ہمسایہ ممالک متاثر ہوں۔ہمیں امن مخالف ان عناصر پر بھی کڑی نظر رکھنا ہو گی جو پاکستان کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ مصالحانہ کردار کو غلط رنگ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی حتمی منزل کے حصول میں افغان معاشرے کا ہر طبقہ یکساں اہمیت کا حامل ہے،پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا تعمیری اور مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔