اسلام آباد، یکم اگست ( اےپی پی): اتوار کو ”آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ” پروگرام میں ٹیلی فون کالز اور سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعہ عوام سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں دھاندلی کے حوالہ سے سوال کے جواب میں کہا کہ کرکٹ میں غیرجانبدار ایمپائر نہ ہونے کی وجہ سے شکست تسلیم نہیں کرتے تھے، ہم نے غیر جانبدار ایمپائر کیلئے مہم چلائی، 1986ء میں پہلی بار ہم غیر جانبدار ایمپائر لائے، اب کوئی ہار پر الزام نہیں لگاتا، ہماری پہلی حکومت ہے جو انتخابی اصلاحات لانا چاہتی ہے تاکہ انتخابی عمل ٹھیک ہو، ہم اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ الیکٹرانک ووٹنگ میشنوں کا نظام لے کر آئیں، یہ تمام مسائل کا حل ہے، اس پر ہم نے بڑی محنت کی ہے، اپوزیشن سے اس پر تجاویز مانگی ہیں جو انہوں نے نہیں دیں،آزاد کشمیر میں عام انتخابات مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کرایا، پولیس ان کی تھی، ممبر الیکشن کمیشن وزیراعظم کا ہم زلف ہے، دھاندلی کے الزامات وزیراعظم ہائوس میں بیٹھ کر وزیراعظم کی طرف سے لگائے گئے، اس تمام کا حل ای وی ایم ہے، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے یہ مشینیں تیار بھی کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ میڈیا اور بار کونسلوں کے تمام انتخابات اس کے تحت ہوں۔











