اٹک، 28اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر سماجی بہبود وبیت المال پنجاب،چئیرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ ہم صرف عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار شیں باغ میں ریسکیو1122 کے فیلڈ آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ علاقے میں ریسکیو کے دفتر کا قیام علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا ۔ اس کی وجہ سے مریضوں اور مختلف حادثات و ناگہانی آفات کے شکار ہونے والے افراد کو بروقت طبی امداد فراہم کر کے ان کی قیمتی جانیں بچائی جا سکیں گی۔فیلڈ آفس کے قیام سے منزل مقصود تک کا سفر تقریباً 25 منٹ کم ہو گیا ہے۔اس سے گھوڑا مار اورسوجھنڈا کے علاقے بھی مستفید ہو سکیں گے۔
سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ اسی طرز کا ایک آفس بولیانوال کے علاقے میں بھی جلد قائم کردیاجائے گا،فیلڈ آفس شیں باغ میں ایک ایمبولینس اور ایک فائر وہیکل چوبیس گھنٹے موجودرہے گی،جس سے علاقے کی عوام کو فائدہ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122اٹک مثالی کام کرکے قرب الہی سے سرفراز ہو رہی ہےجس کےلیے ہم سب ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر اٹک محمد سلیم راجہ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جواد الہی،سی او ایم سی اٹک ساجد علی خان، ڈی ای او ایمرجنسی اٹک کامران رشید اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔