اسلام آباد،14 اگست(اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ 14 اگست تجدید عہد کا دن ہے، آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنی استطاعت کے مطابق ملک کی ترقی کیلئے کام کریں گے ۔
ان خیالات کا اظہاراسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی میں ڈئیلیسس سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطا ب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت شعبہ صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جہاں 100فیصد آبادی کو ہیلتھ انشورنس دیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی صوبے کا 12 واں MTI ہسپتال ہے، خیبر پختونخوا کا ہر شہری 10 لاکھ تک بلکل مفت علاج کر سکتا ہے دیگر صوبوں میں بھی 100فیصد صحت کارڈ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوابی میں گردوں کے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا تھا ،صوابی کے مریضوں بھی اب اپنے ضلع میں ڈئیلیسس کروا سکتے ہیں ۔
اسد قیصر نے کہا کہ باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں جلد مزید سہولیات فراہم کی جائے گی،عوام سے التماس ہے شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لیں ۔