یوم عاشور پر ضلع سیالکوٹ میں 87 ذوالجناح اور تعزیہ کے جلوس اور 77مجالس عزا انعقاد پذیر ہونگی

10

سیالکوٹ،18اگست( اے پی پی ):  یوم عاشور پر ضلع سیالکوٹ میں 87 ذوالجناح اور تعزیہ کے جلوس اور 77مجالس عزا انعقاد پذیر ہونگی، جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے 580پولیس کے افسران اور جوان  سمیت 380تنظیم شہری دفاع کے رضاکار ڈیوٹی انجام دینگے، اہم جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونگے، سول ڈیفنس کا بم سکواڈ عملہ سویپنگ کرے گا جبکہ قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے بھی اپنی اپنی ذمہ دارایاں انجام دے رہے ہیں۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق اور ڈی پی او عبدالغفار قیصرانی نے محرم الحرام کے مجالس اور جلوسوں کے روٹس کے معائنہ کے دوران بتائی۔ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کی صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کی پر امن فضا کو برقرار رکھنے کیلئے منتظمین مجالس اور جلوس ہائے محرم کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت پنجاب کے ایس او پیز پر سختی سے کار بند رہیں۔

 انہوں نے کہا کہ شہر اقبال میں بسنے والے تمام مکاتب فکر کے علماء اور افراد کےمابین مثالی ہم آہنگی ہے۔، علماء کرام اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینے میں اپنے بنیادی کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ  دسویں محرم کو اے کیٹیگری کے 16جلوس، بی کیٹیگری کے 18 اور سی کیٹیگری کے 53 جلوس جبکہ اے کیٹیگری کی 8، بی کیٹیگری کی 10اور سی کیٹیگری کی 59 مجالس انعقاد پذیر ہونگی۔