یونیوسٹیوں کا جدید ٹیکنالوجی میں اہم کردار ہے؛ وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

15

اسلام آباد،13اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ یونیوسٹیوں کا جدید ٹیکنالوجی میں اہم کردار ہے، آئی ٹی اور تعلیم کی بدولت پاکستان کے مستقبل کو روشن کرنا ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات پر مبنی جدید مسلم ریاست کے قیام کے لئے کوشاں ہے، صوبوں اور وفاق کو تعلیم میں جدت کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام “پاکستان کے مستقبل میں نوجوانوں کا کردار” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا پاکستان کے تعلیمی شعبہ میں ایک اہم کردار ہے، دنیا میں ماڈرن یونیورسٹیوں نے جدید تعلیم، صنعت اور ٹیکنالوجی کو یکجا کر کے نئی معیشتوں کی بنیاد رکھی، اسٹین فورڈ یونیورسٹی نے امریکہ میں 500 ٹریلین ڈالر کی معیشت کھڑی کی، ایپل، گوگل، واٹس ایپ اسٹین فورڈ یونیورسٹی کے طلبہ کی بنائی گئی ایپس ہیں، یونیورسٹیوں نے ہی انہیں موقع دیا کہ وہ اپنی ٹیکنالوجی کو کمرشلائز کریں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز، نئی ٹیکنالوجیز اور کمرشلائزیشن کی تکون نے دنیا کو تبدیل کر دیا ہے۔