اٹک ، 15 اگست (اے پی پی):ضلع اٹک کے ماہرین تعلیم اور اہم شخصیات نے یکساں نصاب تعلیم کے حکومتی فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے بچوں کو یکساں مواقع میسر ہونگے ۔
سی ای او ایجوکیشن اٹک ملک محسن عباس نے یکساں نصاب تعلیم کے متعلق اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکساں نصاب تعلیم موجود ہ حکومت کا ایک اہم فیصلہ ہے اور اس کی بنیاد پر ہم امید رکھ سکتے ہیں کہ اس نظام سے تعلیم حاصل کرنے والے بچوں میں یکسانیت ، اتفاق اور اتحا دہو گا ۔
ڈی ای او ایلیمنٹری کاظم حسین شاہ نے کہا کہ یکساں نظام تعلیم موجود حکومت کا بہت ہی اچھا اقدام ہے اور اس سے معاشرے میں غریب اور امیر کے درمیان پائے جانے والی تفریق کا خاتمہ ہو گا۔
پرنسپل پرائمری سکول اٹک آصف کامران نے کہا کہ سرکاری سیکٹر میں یکساں نظام تعلیم کے مثبت نتائج مرتب ہونگے اور سرکاری سکولوں کے بچوں کو بھی یکساں مواقع ملیں گے ۔
ہیڈماسٹر ہائی سکول عبدالمالک خان نے کہا کہ قیام پاکستان سے ہی یکساں نظام تعلیم کے نفاذکا مطالبہ کیا جا رہا تھا لیکن کسی حکومت نے اس پر توجہ نہیں دی اور موجودہ حکومت کا اس حوالے سے اقدام لائق تحسین ہے۔