اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات ونیشنل کمانڈ اینڈ آ پریشن سنٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ 30 ستمبر کے بعد کورونا ویکسی نیشن کے بغیر ہوائی سفر پر پابندی ہوگی، ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز اور شادی ہالز میں آنے والوں کی ویکسی نیشن لازم ہے، 17 سال سے زائد عمر کے طلبا کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، طلبا کے ٹرانسپورٹیشن عملے کو 31 اگست تک ویکسین لگوانا ہوگی۔منگل کووزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت فیصل سلطان کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 31 اگست کے بعد اسکول ٹرانسپورٹر ویکسین کے بغیر کام نہیں کرسکے گا، اسکول وین ڈرائیوز کیلئے بھی ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، ہوٹل اور شادی ہالز میں آنیوالوں کیلئے 30 ستمبر تک ویکسی نیشن لازمی ہوگی۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ 15 اکتوبر کے بعد موٹروے پر سفر کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، 15 اکتوبر کے بعد بغیر ویکسی نیشن پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی، 17 سال یا زائد عمر کے طلبا 15 ستمبر تک ویکسین لازمی لگوائیں، حکومت کیلئے ہر پاکستانی کی صحت اہم ہے، تعلیمی اداروں میں 89 فیصد اساتذہ اور عملے کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے، وبا کی وجہ سے جو بندشیں لگائی جا رہی ہیں وہ عوام کے مفاد میں ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی بڑی کامیابی دنیا میں پاکستان کا وقاربحال کرنا ہے، کورونا چیلنج کا مقابلہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، کورونا وبا کے دوران پاکستان کی حکمت عملی کو دنیا نےسراہا ہے،پاکستان سے اب کوئی ڈومور کا مطالبہ نہیں کرتا، افغانستان کی صورتحال پاکستان کیلئے بھی بڑا چیلنج ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش کے مطابق احتساب کے نتائج سامنے نہیں آئے، انصاف کے نظام میں بہتری کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، اسدعمر نے کہا کہ معیشت بڑے مشکل وقت سے گزر کر بہتر ہو رہی ہے، یقینی بنائیں گے کہ بیرونی خسارہ دوبارہ خطرناک حد تک نہ جائے، 30 برس میں کوئی ایسی حکومت نہیں آئی جو آئی ایم ایف کے پاس نہ گئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ افغان حالات کے پیش نظر پاکستان میں صورتحال کو سنبھالنا چیلنج ہوگا، افغانستان میں امن سے سی پیک روٹ کی اہمیت اور بڑھ جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون معاون خصوصی براءے ہیلتھ فیصل سلطان نے کہا کہ یکم ستمبر سے 17 سال سے اوپر نوجوانوں کیلئے ویکسی نیشن شروع کر رہے ہیں، کمزور دفاعی نظام کے حامل نوجوانوں کیلئے مخصوص ویکسی نیشن شروع کر رہے ہیں، کسی دوسرے ملک سے ویکسی نیشن کرانیوالے افراد کا اندراج بھی نادرا ویب سائٹ پر ہوسکے گا، ویکسین لگوائیں اور اصل کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نادرا ویب سائٹ سے حاصل کریں۔