راولپنڈی ،15ستمبر (اے پی پی):آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو پاک فضائیہ کے آپریشنل امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ائیر ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر آرمی چیف اور ایئر چیف کی ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی جانب سے جاری مختلف منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ آرمی چیف نے پاک فضائیہ کی ملک کے لیے قربانیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور مدد کو سراہا۔ انہوں نے پی اے ایف کے انسانی امداد کی فراہمی اور افغانستان سے حالیہ انخلاء کی کارروائیوں کو آسان بنانے میں کردار کو بھی سراہا۔ آرمی چیف نے پی اے ایف کی آپریشنل تیاریوں اور تمام رینکس کے بلند حوصلے کی بھی تعریف کی۔