افغانستان میں بدلتی ہوئی حقیقت سے عالمی برادری کے نکتہ نظر میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے، افغان عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہونی چاہئےوزیراعظم عمران خان کی سپین کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں گفتگو

14

اسلام آباد۔10ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم نے پاکستان اور خطے کے لئے محفوظ ، مستحکم اور پرامن افغانستان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں بدلتی ہوئی حقیقت سے عالمی برادری کے نکتہ نظر میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے، افغان عوام کی فلاح و بہبود  اولین ترجیح ہونی چاہئے۔یہ بات انہوں نے پاکستان کے دورے پر آئے سپین کے وزیر خارجہ جوزے مینوئل البرس بوئینو سے بات چیت کرتے کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے پاکستان اور خطے کے لئے محفوظ ، مستحکم اور پرامن افغانستان کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ افغانستان میں بدلتی ہوئی حقیقت سے عالمی برادری کے نکتہ نظر میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغان عوام کی فلاح و بہبود  اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ افغان عوام کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور ملک کے معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے بین الاقوامی برادری کی مثبت انگیجمنٹ پر زور دیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال مستحکم ہو ، امن برقرار رہے اور کسی بھی بڑے پیمانے پر ہجرت کو روکا جا سکے۔سپین کے وزیر خارجہ نے سفارتی مشنز اور بین الاقوامی اداروں کے شہریوں اور اہلکاروں کے انخلا میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے اس سلسلے میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے  وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان سپین تعلقات تمام شعبوں میں مضبوط ہوتے رہیں گے۔ وزیراعظم نے سپین میں پاکستانی تارکین وطن کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔