اسلام آباد01،ستمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان پر ایک مربوط حکمت عملی اپنانے کے خواہاں ہیں ، خوشی ہے کہ پاکستان کے اقدامات کو مثبت طور پر دیکھا جا رہا ہے۔بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے اجلاس میں افغانستان کی اب تک کی صورتحال پر اراکین کو اعتماد میں لیا،میں نے کمیٹی میں موجود اراکین کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کے ارکین موجود تھے جن سے نشست اچھی رہی۔اجلاس میں موجود پارلیمنٹ کی تمام جماعتوں نے پاکستان کے کردار کو سراہا اور اس وقت تک چاہے امن عمل ہو، انخلاء یا چاہے انسانی بنیادوں پر امداد کی بات ہو اس میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی گئی ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے اپنے حالیہ 4 ملکی دورے اور وہاں قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے اپنا تجزیہ پیش کیا جبکہ اراکین کمیٹی کو بتایا کہ افغانستان پر ایک مربوط حکمت عملی اپنانے کے خواہاں ہیں ، خوشی ہے کہ پاکستان کے اقدامات کو مثبت طور پر دیکھا جا رہا ہے۔