الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالدوقاص کی رحیم اللہ یوسفزئی مرحوم کے بیٹے ارشد یوسفزئی سے ملاقات، والد کی وفات پر تعزیت کی

21

پشاور،23ستمبر(اے پی پی): سینئر صحافی کالم نویس،تجزیہ نگار اور افعانستان امور کے ماہر دی نیوز کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر رحیم اللہ یوسفزئی مرحوم کے بیٹے ارشد یوسفزئی سے آج پشاور پریس کلب میں الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالدوقاص اور صوبائی میڈیا منیجر نورالواحدجدون نے ملاقات کی اور ان کے والد کی وفات پر دلی تعزیت کی۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رحیم اللہ یوسفزئی صاحب نہ صرف ایک عالمی شہرت یافتہ معروف صحافی تھے بلکہ وہ خدمت انسانیت کے جذبے سے سرشار ایک سماجی شخصیت بھی تھے۔ الخدمت فاونڈیشن کے ساتھ یتیم بچوں کی کفالت،نادار بچیوں کی اجتماعی شادیوں، ضرورت مند اور بے سہارا افراد کے ساتھ تعاون کے سلسلے میں ہمیشہ بھرپور معاونت کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک درددل رکھنے والے باعمل انسان تھے جن کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پورا نہیں ہوگا۔

 انہوں نےدعا کی کہ اللہ تعالی رحیم اللہ یوسفزئی کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور ان کے لواحقین کو ان کی جدائی کا صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔آمین