الیکشن کمیشن کے اعترضات میں کوئی جان نہیں ، صاف و شفاف انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے؛ فرخ حبیب

11

فیصل آباد،19ستمبر  (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد سمیت ووٹر کو آگاہی دینا اور عملے کی تربیت الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ، انتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال اپوزیشن کواسلئے پسند نہیں کہ اس سے دھاندلی رک جائے گی ، ماضی میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے مگر اب ہم صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات چاہتے ہیں،    الیکشن کمیشن کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی ۔

اتوار کی شام اپنے حلقہ نیابت این اے 108 میں 157.514 ملین روپے کی لاگت سے 9.42 کلومیٹر طویل سمندری روڈ نیاموآنہ منڈی تا مچھلی فارم ستیانہ روڈ فیصل آباد کی تعمیر کے سلسلہ میں مونگیاں چوک چک 235 رب ملکھانوالہ میں منعقدہ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ یہ اامر انتہائی افسوسناک ہے کہ اپوزیشن تو صاف و شفاف انتخابات کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرہی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے مگرانتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال اپوزیشن کواسلئے پسند نہیں کیونکہ اس سے دھاندلی رک جائے گی اور مردے و فرشتے ووٹ نہیں ڈال سکیں گے اور نہ ہی جعلی بیلٹ پیپرز کی چھپائی ممکن ہوسکے گی اور اس سے ٹھپہ مافیا سیاسی گروہ کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوکر رہ جائے گی۔