اوکاڑہ،14ستمبر(اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس چودھری طاہر امین نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کے لئے لگاتار کاوشیں، نتیجہ خیز ثابت ہو سکتی ہیں، ہمیں ایک ذمہ دار شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہے، سرکاری ادارے جس انداز میں ویکٹر سرویلنس اورہاٹ سپاٹس کی نگرانی کر رہے ہیں وہ لائق تحسین ہے،انسداد ڈینگی ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس چودھری طاہر امین نے انسداد ڈینگی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید، ڈسٹرکٹ انٹامالوجسٹ محمد اقبال سمیت تمام محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ انٹامالوجسٹ محمد اقبال نے ضلع میں انسداد ڈینگی سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں 114آؤٹ ڈور اور 695ان ڈور ٹیمیں کام کر رہی ہیں ضلع میں ہاٹ سپاٹس کی نگرانی کی جارہی ہے اور تواتر سے ویکٹرسرویلنس کی جارہی ہے ویکٹر سرویلنس کا کام کرنے والی ٹیموں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ محکمہ زراعت اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا کام کر رہے ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس چودھری طاہر امین نے کہا ہے کہ ضلع کا ڈینگی فری ہونا اللہ تعالی کا خاص کرم اور فضل ہے۔انہوں نے کہا کہ برسات کے دنوں میں انتہائی احتیاط اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہم سب کے پیشِ نظر ہونا چاہیے کباڑمارکیٹس، ٹائر مارکیٹس،قبرستان،ویر ہاؤسزاوراشیاءکےگودام پر توجہ مرکوز کرنےکی اہم ضرورت ہے۔