”انگیج افریقہ پالیسی” کے تحت پاکستان مصر کے ساتھ باہمی تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے، مصر میں پاکستانی سفیر کا پاک مصر فرینڈشپ ڈے کے موقع پر سیمینار سے خطاب

26

قاہرہ ۔9ستمبر (اے پی پی):مصر میں پاکستان کے سفیر ساجد بلال نے کہا ہے کہ پاکستان افریقی خطہ کے ساتھ رابطوں کے فروغ کے لیے مصر کے ساتھ باہمی دلچسپی بالخصوص سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دفاعی شعبوں میں روابط کو مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مصر کے دارالحکومت میں منعقد ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا موضوع ”افریقہ کے ساتھ پاکستان کے روابط-مستقبل کا براعظم” تھا۔

سیمینار کا اہتمام قاہرہ میں پاکستان کے سفارتخانہ نے پاک مصر فرینڈشپ ڈے کے موقع پر کیا جس میں مصری حکام، ایجپشین فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس کے عہدیداران، قاہرہ میں ڈین آف ڈپلومیٹک کور اور ممتاز دانشوروں نے بھی خطاب کیا۔ ساجد بلال نے حکومت کی ”انگیج افریقہ پالیسی” کے سلسلہ میں مصر کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں ہونے والی پیشرفت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے پاکستان کی جیو پالیٹکس سے جیو اکنامک کی طرف توجہ مرکوز کرنے کی پالیسی پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ترقیاتی حکمت عملی کے تحت وسیع تر رابطوں اور اقتصادی سہولیات کی فراہمی سے مثبت عالمی مفادات کے لیے محور کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس موقع پر ”انگیج افریقہ پالیسی” کے بارے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ویڈیو پیغام بھی دکھایا گیا۔ سفارتخانہ کے تجارتی اور سرمایہ کاری اتاشی نے ایک پریزنٹیشن بھی دی جس میں پاکستان کی تجارتی اور سرمایہ کاری صلاحیتوں اور کاروبار دوست اقدامات کے ساتھ ساتھ موجودہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات کو بھی اجاگر کیا گیا۔

مقررین نے پاکستان کی ”انگیج افریقہ پالیسی” اور دوطرفہ باہمی طور پر مفید تجارتی و سرمایہ کاری مواقع پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاک مصر تعلقات کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ افریقن آگنائزیشنز اینڈ کمیونیٹیز کے معاون وزیر خارجہ نے افریقہ کے بارے میں بروقت سیمینار کے انعقاد پر سفارتخانہ کو سراہا جیسا کہ یہ براعظم اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے لیے وسیع مواقع پیش کرتا ہے۔

اس موقع پر قاہرہ میں پاکستان انٹرنیشنل سکول کے طالب علموں نے پاکستانی اور مصری موسیقی پر پرفارم بھی کیا۔ بعدازاں شرکا کو ظہرانہ دیا گیا۔ حکومت، تھنک ٹینک، تعلیمی شعبہ، کاروباری برادری، سول سوسائٹی کی نمائندگی کرنے والی مصری شخصیات اور سفارتکاروں نے تقریب میں شرکت کی۔