ملتان، 2 ستمبر ( اےپی پی):وفاقی سیکرٹری وزارت سمندرپار اوورسیز پاکستانیز اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ عشرت علی نے کہاہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن بیرون ملک وفات پانے والے پاکستانیوں کے لواحقین کو کبھی بھی تنہانہیں چھوڑے گی۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اوورسیز پاکستانیزملکی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اوپی ایف کے ریجنل آفس ملتان میں بیرون ملک وفات پانے والے پاکستانیوں کی بیوگان اور ان کے والدین میں چیکوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عشرت علی نے مزید کہا کہ احساس پروگرام کے تحت اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کے قواعد پر پورا اترنے والے خاندانوں کی بھرپور معاونت کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ہمارا ادارہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے خاندانوں کے معیارزندگی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے اوراس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اوورسیز پاکستانیز کے لیے خصوصی اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بیرون ممالک وفات پانے والوں کے اگر کوئی بقایا جات کسی ملک یا محکمہ کے ذمہ ہونگے تو اس کی ادائیگی کے لیے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن ہر طرح سے ان کی مدد کرے گا۔ اس سلسلے میں اگر کوئی کاغذات بنوانے ہونگے تو ہمارے لوگ ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیز کے بچوں کی بہتر تعلیم کےلئے وظائف اور فیسوں میں رعایت فراہم کرنے میں مدد کررہی ہے ۔اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ہاﺅسنگ سوسائٹی کے منصوبے پہلے ہی کام کررہے ہیںاورانہیں مزید وسعت دی جائے گی۔اس موقع پر پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زرقا یحییٰ ریجنل ہیڈ اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن ملتان نے لواحقین سے ساتھ اظہار ہمدردگی کیا اور جنوبی پنجاب میں اوورسیز پاکستانیز فانڈیشن کے دفتر کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے اوورسیز پاکستانیوں کے خاندان کے افراد کسی بھی مسئلے اور معاونت کے لیے ہم سے براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔ ہم ہمہ وقت ان کی خدمت کے لیے دستیاب ہیں۔ تقریب میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن ہیڈآفس اسلام آباد سے مصطفی حیدر، ڈائریکٹر ویلفیئر اینڈ سروسزنے خصوصی طور پر شرکت کی اور تمام آفیسران و سٹاف اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن ریجنل آفس ملتان بھی موجود تھے۔