اوکاڑہ،01ستمبر )اے پی پی):ڈائریکٹر محکمہ موسمیات پنجاب چوہدری محمد اسلم نے کہا ہے کہ وطن عزیز کا مستقبل شجر کاری سے جڑا ہوا ہے یہ آنے والے وقتوں کی بہترین سرمایہ کاری ہے اپنی آنے والی نسلوں کو ایک خوشگوار اور صاف ستھری فضا فراہم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے دفتر محکمہ موسمیات اوکاڑہ میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔
ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات پنجاب چوہدری محمد اسلم نے کہا کہ درخت لگانے کے مثبت اثرات پورے ملک میں محسوس ہوں گے اور معاشرے کی بہتری کے لئے اہمیت کے حامل ہوں گے، ہمیں آنے والی نسلوں کو ایک صحتمند سر سبز اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لئے متحد ہو کر شجرکاری مہم کو کامیاب بنانا ہے۔ کلین اینڈ گرین مہم میں ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہے ہر پاکستانی اپنے والدین اور بچوں کے نام کا پودا لگائے اور اس کی دیکھ بھال کرے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ موسمیات اعجاز بزمی، ضلعی کو آرڈینیٹر کلین اینڈ گرین مہم ملک غلام نبی کھوکھر،خلیل الرحمان ممبر اینٹی نارکوٹیکس ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن، محترمہ صائمہ رشید ایڈووکیٹ، صدر ماڈا محمد مظہر رشید چوہدری، ایس ڈی اوفاریسٹ افتخار حسین جنجوعہ نے دفتر محکمہ موسمیات میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت پودے لگائے اور ملکی سلامتی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔