اوکاڑہ: ریسکیو1122 کے زیر اہتمام فرسٹ ایڈ کے عالمی دن کےحوالے سے ضلع بھر میں آگاہی واکس کا انعقاد

32

اوکاڑہ،11ستمبر(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کی روشنی میں ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی جانب سے ضلع بھر کی تینوں تحصیلوں میں آگاہی واکس کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد عوام الناس میں اس دن کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ آگاہی واکس میں ریسکیو افسران، ریسکیور، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس اور سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی۔ آگاہی واکس کے بعد عوام الناس میں ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔عالمی فرسٹ ایڈ دن کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کا اپنے پیغام میں کہنا تھا  کہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کا ویژن ہے کہ ہر گھر میں کم سے کم ایک فرسٹ ایڈر موجود ہو تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوراً ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے اپنے پیارے کی جان کو بچا سکے۔ جبکہ دوسری جانب ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیمیں عوام الناس کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت دیکر اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اور ریسکیو 1122 نے دور جدید کے تقاضے کو مدنظر رکھتے ہوئے آن لائن تربیت کے لیے موبائل ایپ “ریسکیو کیڈٹ کورپس”متعارف کروائی ہے اور عوام الناس کو چاہیئے کہ موبائل فون میں ایپلکیشن ڈاؤن لوڈ کر کے آن لائن رجسٹریشن کے بعد ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے تربیت ضرور حاصل کریں تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں انسانی جان کو بچانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔