ایکسپو 2020 دبئی کل ( جمعہ) کو شروع ہو گی ، پاکستانی پویلین میں ماحولیات کے تحفظ ، شجرکاری اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو اجاگر کیا جائے گا

26

دبئی،30ستمبر  (اے پی پی):متحدہ عرب امارات  میں دنیا کے سب سے بڑے ایونٹس  میں سے ایک” ایکسپو 2020 دبئی  ” کل ( جمعہ) کو شروع ہو گی جس میں دنیا بھر سے مختلف بین الاقوامی ادارے حصہ لیں گے ،یہ تاریخی ایکسپو جس کا آغاز آج ہو رہاہے ،31مارچ 2022تک جاری رہی گی،مشرق وسطی ، افریقہ اور جنوبی ایشیاء ریجن میں پہلی بین الاقوامی ایکسپو ہے  اور اس میں 2کروڑ 50لاکھ لوگوں کی شرکت متوقع ہے ۔

 دبئی ایکسپو میں پاکستان کا خصوصی پویلین بھی قائم کیا گیا ہے جس کے تحت  مختلف کاروباری اورثقافتی ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بالخصوص بلوچستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقعوں کوخاص طور پر اجاگر کیا جائے گا ۔راوی ریور فرنٹ منصوبہ بھی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے دبئی ایکسپو میں نمائش کے لئے پیش کیا جائے گا ، سرمایہ کاری بورڈ نے ایکسپو کے دوران مختلف ایونٹس ترتیب دیئے ہیں جن میں پاکستان کی طرف سے ماحولیات کے تحفظ اور شجرکاری کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں بالخصوص سرمایہ کاری کے مواقعے سے دنیا کو روشناس کرایا جائے گا ۔

پاکستان پویلین میں ”پاکستان میں سرمایہ کاری مہم ” پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے اور مختلف کاروباری ایونٹس منعقد ہوں گے جن میں حکومتی ادارے ، کاروبای شخصیات اور کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع کو اجاگر کریں گی۔ دبئی میں ہونے والی اس عظیم الشان  ایکسپو کی  افتتاحی تقریب کو متحدہ عرب امارات میں 430 سے زائد مقامات پر براہ راست نشر کیا جا رہا ہے  جس میں آتش بازی کے شاندار مظاہرے بھی شامل ہیں۔

 اس موقع پر ہوائی اڈوں اور شاپنگ مالز سے لے کر ہوٹلوں اور دیگر اہم مقامات پر اسکرینیں لگائی گئی ہیں جن پر موسیقی اور ثقافتی پرفارمنس  شامل ہے ۔ پرفارم کرنے والوں میں عالمی شہرت یافتہ اینڈریا بوسیلی ہیں،گریمی نامزد گولڈن گلوب جیتنے والی اداکارہ، گلوکارہ اور نغمہ نگار اندرا ڈے پلاٹینم فروخت کرنے والی برطانوی گلوکارہ گیت نگار ایلی گولڈنگ، بین الاقوامی میگا سٹار پیانوادک لینگ لینگ اور چار بار گریمی فاتح اینجلیک کڈجو شامل ہیں۔  امارات نیوز ایجنسی” وام ” کے مطابق آتش بازی کے مظاہرے جمعہ یکم اکتوبر کی شام کو ہوں گے۔

و زیر مملکت برائے فوڈ سکیورٹی مریم حریب المھیری نے کہا  کہ ایکسپو 2020 دبئی ایک بہت بڑی قومی کامیابی ہے اور متحدہ عرب امارات کی دنیا کے سب سے بڑے ایونٹس کے انعقاد کی صلاحیت کا شاندار ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو 2020 دبئی ایک عالمی مرکز ہے جو دنیا کے لوگوں، ثقافتوں اور معیشتوں کو ایک چھت کے نیچے جوڑتا ہے تاکہ بقائے باہمی، رواداری اور انسانیت کی بنیاد پر متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی اقدار اور اصولوں کو  واضح کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو کی چھتری کے تحت عالمی برادری مکالموں اور اقدامات کا مشاہدہ کرے گی جو ماہرین، عہدیداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں کو اکٹھا کرتے ہوئے دنیا کو درپیش چیلنجوں کا حل تلاش کریں گے۔ المھیری نے اس بات پر زور دیا کہ ایکسپو 2020 دبئی متحدہ عرب امارات کی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے اور ملک کی نمایاں عالمی پوزیشن اور قوموں میں قائد کی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے اس کی دانشمندانہ حکومت کی خواہش کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو 2020 دبئی جیسے عالمی سطح کے ایونٹس کی میزبانی کرکے متحدہ عرب امارات ہمیشہ بااثر فیصلہ سازوں کے لیے ایک اہم منزل رہے گا جو ترقی اور خوشحالی کے اہداف طے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بین الاقوامی تعاون اور شراکت داری کے نئے ماڈل بنانا چاہتے ہیں۔