اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جمعہ کو یہاں پاکستان کی قومی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) اور کیوبا کی نیوز ایجنسی پرسینا لیٹینا کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک اہم اور تاریخی دن ہے، کیوبا اور پاکستان کی نیوز ایجنسیوں کے مابین خبروں کے تبادلے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے دونوں خبر رساں اداروں کو مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کو درپیش مسائل اور چیلنجز کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیوبا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ دوستی پر مبنی ہیں۔