اسلام آباد،28ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات آئندہ سال مارچ اور اپریل میں ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بلدیاتی حکومت کا مستقبل کے موضوع پر قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ جمہوریت مقامی حکومتوں کے بغیر نامکمل ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات آئندہ سال مارچ ، اپریل میں ہوں گے، اس کیلئے امیدوار ابھی سے اپنی تیاری شروع کر دیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں سے خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت تھی جس میں ایسا بلدیاتی نظام متعارف کرایا جس نے دیہی کونسلوں کو فنڈز کی منتقلی یقینی بنائی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 60، 70 سالوں سے بلدیاتی حکومتوںمیں مختلف نظام کو آزمایا جا رہا تھا اور ان نظاموں پر ایک بحث بھی جاری تھی، یہ بحث ہماری حکومت کے دوران بھی جاری رہی، اب یہ بحث اپنےنتیجہ پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام میں گائوں اور تحصیل و ضلع کی سطح پر کونسلز ہوں گی۔











