کوئٹہ،14ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو بے پناہ معدنی دولت اوروسائل سے نوازاہے، بلوچستان کے وسائل کسی نعمت سے کم نہیں،معدنی وسائل کسی بھی خطے کی ترقی کے لئے خوش قسمتی کی علامت سمجھا جاتاہے، موجودہ وسائل کوبروئے کار لاکر باآسانی ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کی جاسکتیں ہے،بلوچستان میں معدنیات،ماہی گیری اور آئل و گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت صنعت و پیداوار حکومت پاکستان اور محکمہ معدنیات و معدنی ترقی حکومت بلوچستان کے اشتراک سے بلوچستان میں میٹل پارک کے قیام سے متعلق منعقدہ ایک روزہ سمینار کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ ہم ہمیشہ ساحل و وسائل کی باتیں تو سنتے آرہے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کی اس نعمت پر ماضی میں کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی، ہمیں اب اپنے مستقبل اور سمت کا فیصلہ کرنا ہے،ساحل و وسائل کا خیال رکھنے والی اقوام نے ہمیشہ خوشحالی دیکھی ہے اور وہ ممالک آج ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہیں،جن ممالک نے اپنے وسائل کو متنازعہ بنایا وہاں کے حالات خراب ہوئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاکہ پاکستان بلخصوص بلوچستان ایک ایسا خطہ ہے جہاں ہر قسم کی معدنیات موجود ہیں، ہمیں وقت کا انتظار نہیں کرنا چاہئے، ان وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لئے ہمیں ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کرناہونگے اور اللہ تعالیٰ کی اس نعمت کو قوم و ملک کی ترقی کے لئے بروئے کار لانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کا ہمیشہ خیر مقدم کیا ہے حکومت مقامی سرمایہ کاروں کو تحفظ دینے کے لئے اقدامات کررہی ہے بلوچستان میں مائننگ سیکٹر کی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے وفاقی و صوبائی حکومت نے ملکر سالانہ ترقیاتی پروگرام میں متعدد منصوبے شامل کئے ہیں جن میں میٹل پارک کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔جس کی تکمیل سے مائننگ سیکٹر میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہونگی اور معدنیات کے شعبے کو سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے انتہا ئی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے بڑے ملکوں کو آج پانی کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے ہمار ے پاس پانی کے ذخیرہ کم ہوتے جارہے ہیں ہمیں زیر زمین پانی کے بچاؤ کے لئے اقدامات کرنے ہونگے اور ہم اپنے مستقبل کا پانی تیزی سے استعمال کررہے ہیں زیر زمین پانی کی سطح بارہ سو سے تیرہ سو فٹ نیچے چلی گئی ہے جبکہ صوبے میں زراعت کا زیادہ تر انحصار ٹیوب ویلز کے پانی پر ہے اسی طرح زیر زمین پانی کی سطح کو برقرار رکھنے کی اشد ضرورت ہے لہذا ہمیں معدنیات کے شعبے پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔
سیمینار کے شرکاءسے پارلیمانی سیکرٹری معدنیات میرسکندر علی عمرانی،چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا،چائنیز کمپنی کے چیئرمین اور سیکرٹری معدنیات سید ظفر علی بخاری سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔