کوئٹہ01ستمبر (اے پی پی )بلوچستان وویمن بزنس ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن ثناء درانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی خواتین کو ہنرمند بنانا وقت کی ضرورت ہے، پورپی یونین، ناروے، جرمنی کی حکومتوں، جی ائی زیڈ اور نیوٹیک کے تعاون سے کوئٹہ میں خواتین کے لیے دو ٹیکنیکل سینٹرز میں سینکڑوں طالبات اور گھریلو خواتین کو ای کامرس،ای مارکیٹنگ اور فنی مہارتوں کے مختلف کورسز کروائے جا رہے ہیں کیونکہ ہنرمند خواتین معاشرے اور وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں یہ بات انہوں نے وویمن ٹیکنیکل سینٹر میں ٹی وی آئی ٹی کی ٹیکنیکل ایڈوائزر کمیونیکیشن سونیا عمیر،کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں کو بریفننگ دیتے ہوئے کہی، ثنا درانی نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں،فنی مہارت والی خواتین کو روزگار کے مواقع کی فراہمی کے لیے ایسے پروگرامز کا اجرا ناگزیر ہیں، ہم غریب اور متوسط طبقے کی طالبات اور خواتین کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے سود کے بغیر قرضہ حسنہ کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں اور مختلف شعبوں میں فنی مہارت کے حصول کے بعد سینکڑوں غریب اور متوسط طبقے کی طالبات اور خواتین کو سرکاری و نجی اداروں میں روزگار کے مواقع مل چکے ہیں جوکہ بلوچستان و پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اس موقع پر ٹی وی آئی ٹی کی ٹیکنیکل ایڈوائزر کمیونیکیشن سونیا عمیر نے بتایا کہ ٹی وی آئی ٹی سیکٹر سپورٹ پروگرام بلوچستان کے نوجوانوں اور خواتین کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے سرکاری اور نجی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہےبلوچستان ویمن بزنس ایسوسی ایشن (بی ڈبلیو بی اے) کے اشتراک سے TVET سیکٹر سپورٹ پروگرام خواتین تاجروں کو اپنے کاروبار قائم کرنے اور رسمی شعبے میں کام شروع کرنے میں بااختیار بنا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تقریبا 5000 ہنر مند خواتین بی ڈبلیو بی اے میں رجسٹرڈ ہیں اور لائیو سٹاک کے تین بڑے شعبوں مقامی کڑھائیوں پر مشتمل زراعت ، دستکاری اور لائیو اسٹاک میں کام کر رہی ہیں انہوں نے کہا کہ سیکٹر سپورٹ پروگرام کے شراکت دار ادارے ، نجی شعبے کے ساتھ تربیتی طریقہ کار میں بہتری اور سیکھنے والوں کی نوکری کے لیے باقاعدگی سے رابطہ قائم کرتے ہیں۔بلوچستان وویمن بزنس ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن ثنا درانی نے صحافی مندوبین کو بلوچستان وویمن بزنس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری مختلف کاسسز کا دورہ کروایا اور انہیں بلوچستان وویمن بزنس ایسوسی ایشن کے حوالے سے آگاہ کیا ۔