بلوچستان کے تین اضلاع میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے لیے پولنگ 12 ستمبر کو ہونگے، تیاریاں مکمل؛ الیکشن کمشنر عبدالرازق

15

کوئٹہ،09 ستمبر (اے پی پی): صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان عبدالرازق نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تین اضلاع میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے لیے پولنگ 12 ستمبر کو ہو گی، الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کوئٹہ، ژوب اور لورالائی میں 12 ستمبر کو ہونگے۔ کوئٹہ میں 28 ہزار 945 ، ژوب سے 808 اور لورالائی سے ایک ہزار 231ووٹرز حق رائے دہی استمعال کریں گے،کوئٹہ سے پانچ نشستوں پر 35 جبکہ ژوب کی 2 نشستوں پر 7 امیدوار میدان میں ہیں۔ لورالائی کے دو وارڈز میں سے ایک پر آزاد امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکا ہے جبکہ لورالائی کی ایک نشست پراب پانچ امیدوار مقابلہ میں ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر عبد الرزاق نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف، بلوچستان عوامی پارٹی، جمیعت علمائے اسلام، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے ساتھ آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔

کوئٹہ کے پانچ وارڈز کیلئے 31 جبکہ ژوب اور لورالائی میں دو دو پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں،پولنگ صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔