ملتان،15ستمبر (اے پی پی):برصغیر کے عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت غوث بہاءالدین زکریا سہروردی ملتانی ؒ کے 782 ویں سالانہ عرس کی سہ روزہ تقریبات بدھ کے روز اختتام ہوگئیں۔دربارعالیہ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمودقریشی نے مزارپر حاضری دی اور پھولوں کی چادرچڑھائی۔عرس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے دعا کراتے ہوئے کہاکہ مجھے اس بات کا احساس ہے کہ عرس میں ملک بھر سے زائرین اس میں شرکت کرنا چاہتے تھے مگر کوروناوبا کے پیش نظر عرس کی تقریبات کو محدود کرنا پڑا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ لوگوں کو کورونا وائرس سے بچائے وزیر خارجہ نے کہا کہ مودی حکومت ہائبرڈ وار کے ذریعے پاکستان میں انتشار پیدا کرنا چاہتی ہے۔ دشمن جعلی خبروں کے ذریعے فرقہ واریت کو ہوا دینا چاہتا تھا۔انہوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے بے مثال اتحاد کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں 40 سال بعد امن،امید کی کرن ہے۔ انہوں نے افغانستان میں مکمل امن کے لیے دعا کی اورکہا اللہ تعالی افغانستان کوامن کاگہوارہ بنائے کیونکہ خطے میں امن کے لیے افغانستان کا پرامن ہونا لازم ہے۔ انہوں نے عظیم کشمیری رہنما سید علی گیلانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی زندگی بھر اپنے مقصد کے لیے پرعزم رہے۔ شاہ محمود قریشی نے عظیم سید علی گیلانی کی میت ان کے خاندان سے چھیننے اور ان کی مرضی کے مطابق تدفین کی اجازت نہ دینے کی مذمت کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سید علی گیلانی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمارے ملک کو اندرونی اور بیرونی سازشوں اور دشمنوں کے جعلی پروپیگنڈے سے محفوظ رکھے۔ قریشی نے مقامی لوگوں کی خواہشات کے مطابق کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے جلد حل کے لیے بھی دعا کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر مذہبی امور و اوقاف سید سعید الحسن ، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدوم زین حسین قریشی ، ڈپٹی کمشنر عامر کریم ، ڈاکٹر صدیق قادری، علامہ فاروق خان سعیدی اور دیگر مذہبی شخصیات بھی موجود تھیں۔