بہاولنگر،14ستمبر (اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی نے کہا ہے کہ پولیوکا خاتمہ ہمارا عزم ہے، والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی جسمانی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین پلوائیں اور 20 ستمبر سے 24ستمبر تک شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ اور متعلقہ محکموں کے آفیسرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 20ستمبر سے 22ستمبر کے دوران انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پو لیو سے بچاو کے قطرے پلائیں گی جبکہ کیچ اپ ایکٹویٹی 20ستمبر سے 24ستمبر تک کی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے(500110) پانچ لاکھ ایک سو دس بچوں کو پولیو کی حفاظتی ویکسین دی جائے گی۔ اس سلسلہ میں مجموعی طور پر ضلع بھر میں 2035ٹیمیں تشکیل دی گی ہیں. جن میں 126فکسڈ ، اور1828موبائل اور 81ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ کورونا سے بچاو کے لیے ٹیم ارکان کوفیس ماسک، سینی ٹائزرز مہیا کیے جائیں گے ۔