بہاولنگر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پیشہ ورگداگری کیخلاف آگاہی واک کا اہتمام, سول سوسائٹی اور سرکاری ملازمین کی بھرپور شرکت

67

 

بہاولنگر، 14 ستمبر(اے پی پی): بہاولنگر ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام پیشہ وارانہ گدا گری کے خلاف آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا  جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار نے کی۔ آگاہی واک میں سول سوسائٹی، تاجروں اور سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ واک کے شرکاء نے پیشہ ور گداگری کے خلاف بینرز اٹھاکر نعرے بازی کرتے ہوئے رفیق شاہ چوک سے سٹی چوک تک مارچ کیا۔

ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گداگری ایک لعنت ہے ہم سب کو اس کی حوصلہ شکنی کرنی ہے گداگری ایک معاشرتی برائی ہے جس کے خلاف معاشرے کے ہرفرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ہم حقیقی مستحق اور معذور افراد کو پناہ گاہ میں منتقل کریں پیشہ ور گداگروں کیخلاف قانون کے مطابق کاروائی ہوگی اور وہ سلاخوں کے پیچھے ہونگے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار کا کہنا تھا کہ گداگری کے روپ میں جرائم پیشہ افراد بھی موجود ہیں جن کی سرکوبی کے لیے پولیس متحرک ہے ضلع پولیس نے ایک دن میں 21 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کرکے مقدمات کا اندراج کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی ہدایت پر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مہم جاری رہے گی عوام پیشہ ور بھکاریوں کی نشاندہی کریں، ہم کاروائی کریں گے۔