بہتر مواقع نہ ملنے کی وجہ سے ہمارا بہترین ٹیلنٹ ملک سے باہر چلا گیا، وزیر اعظم عمران خان کا نتھیا گلی میں ہوٹل کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

29

نتھیا گلی۔6ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے   نتھیا گلی میں بین الاقوامی ہوٹل کاسنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے  کہا ہے کہ بہتر مواقع نہ ملنے کی وجہ سے ہمارا بہترین ٹیلنٹ ملک سے باہر چلا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 90 لاکھ پاکستانی باہر ہیں ، ان کی سالانہ آمدنی 22 کروڑ لوگوں کے برابر ہے۔ سب سے زیادہ دولت منداور ہنر مند پاکستانی پاکستان سے باہر ہیں کیونکہ سسٹم نے ان کو یہاں مواقع فراہم نہیں کئے۔ جب وہ باہر گئے تو وہاں جا کر کامیاب ہو گئے کیونکہ وہاں کا نظام بہتر تھا۔ مواقع نہ ہونے کی وجہ سے ملک کا ٹیلنٹ باہر چلا گیا۔وزیراعظم نے کہاکہ سرمایہ کاری کے ذریعے نوجوانوں کو روز گار کے مواقع حاسل ہوں گے۔ ماضی کی حکومتوں نے برآمدات بڑھانے کی کوشش نہیں کی حالانکہ ملک برآمدات سے ہی امیر ہوتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سنگاپور کی 300 ارب ڈالر کی برآمدات ہیں جبکہ ہماری برآمدات اس سال 30 ارب ڈالر ہونے کی توقع ہے۔ ہم بے تحاشہ چیزیں برآمد کرسکتے ہیں لیکن ماضی میں اس سلسلہ میں کسی نے کوشش ہی نہیں کی لیکن حکومت اب اس سلسلہ میں کوششیں کررہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات بڑھنے سے دولت میں اضافہ ہوگا اور روپیہ مضبوط ہوگااور مہنگائی میں کمی آئے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے مواقع فراہم کرے گی۔ ماضی میں ان کے پلاٹوں پر قبضے ہو جاتے تھے۔ وہ 15،15، 20،20 سال باہر محنت کر کے یہاں آکر پلاٹ لیتے ہیں تو ان کے پلاٹوں پر قبضے ہو جاتے تھے اوروہ اس سسٹم کے آگے بے بس ہو جاتے تھے۔ ہم ملک کے سسٹم کو ٹھیک کرنے اور قانون کی بالا دستی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ جیسے جیسے ملک میں قانون کی بالا دستی قائم ہوتی جائے گی سمندر پار پاکستانی خود یہاں آ کر سرمایہ کاری کریں گے کیونکہ ان میں یہ اعتماد ہو گا کہ ان کو جائیداد اورپلاٹوں پر قبضے نہیں ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بڑے بڑے لوگوں نے ملک کی دولت لوٹ کر بیرون ملک محلات بنائے، کرپٹ لوگ مل کر حکومت  کی مخالفت کررہے ہیں اور یہ سسٹم کو ٹھیک ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے  کیونکہ انہوں نے اس کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھایا ہے۔ یہ پاکستان کی بجائے خود بیرون ملک جا کرسرمایہ کاری کرتے  ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومتی اقدامات کی بدولت صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ ہم بتدریج بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ صنعتیں چل پڑی ہیں ، سرمایہ کاری آ رہی ہے اور معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کےشعبہ میں بہت مواقع موجود ہیں ۔ ہمیں اس سلسلہ میں ابھی بہت کچھ کرنا ہے ۔خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت بنی تو ہم نے سیاحت کے شعبے میں بہت سے اقدامات کئے جن کی بدولت اقوام متحدہ کے ادارے کی رپورٹ کے مطابق غربت میں تیزی سے کمی آئی۔ وزیراعظم نے کہاکہ دولت میں اضافہ سیاحت کے ذریعے سےہو سکتا ہے ۔ گلیات میں فائیو سٹار ہوٹل کاسنگ بنیاد رکھا جانا بہت بڑا قدم ہے۔ اس سے دولت مند لوگ سیاحت کے لئے آئیں گے اور اسکئنگ  اور ریزارٹس کو فروغ حاصل ہو گا۔ اسکئنگ کے جتنے مواقع پاکستان میں ہیں اتنے کہیں اور نہیں ہیں کیونکہ پاکستان میں سردیوں میں پہاڑی علاقوں میں دیر تک برف رہتی ہے۔ وزیر اعظم  نے کہا کہ عید کی تعطیلات میں خیبر پختونخوا میں 27 لاکھ سیاح   آئے۔ ہم سیاحتی مقامات کی زوننگ کریں گے اور سیاحتی مقامات کو لیز پردیں گے ۔حکومت سیاحت کے شعبہ کی ترقی کے لئے زمین سستےداموں دے گی کیونکہ سیاحت ایسا شعبہ ہے جس کو فروغ دے کر ہم اپنا بیرونی قرضہ اتار سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان آئیں اور سرمایہ کاری کریں۔ حکومت ان کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرے گی۔