بیلجئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے نویں ماہانہ آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد

26

 

برسلز، 30 ستمبر   (اے پی پی ):یورپی یونین ، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر   ظہیر اے جنجوعہ نے   بیلجئم  اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے  نویں  ماہانہ آن لائن  کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری سے   خطاب میں سفیرِ پاکستان  نے کمیونٹی کو موثر کونسلر خدمات فراہم کرنے کی مسلسل کوششوں سے آگاہ کیا۔

اقوام متحدہ میں وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے  سفیرِ پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم نے اہم عالمی اور علاقائی چیلنجز بشمول  کورونا وباء ، موسمیاتی تبدیلی ، اسلاموفوبیا ، غیر قانونی مالیاتی بہاؤ ، کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضہ اور افغانستان کے بارے میں پاکستان کا نقطہ نظر بیان کیا۔

سفیرِ پاکستان نے اقوام متحدہ میں حالیہ اعلیٰ سطحی مصروفیات کا ذکر کرتے ہوئے  کہا  کہ    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متعد د  عالمی رہنماؤں بشمول یورپی یونین کے اعلی نمائندے   جوزف بوریل اور بیلجیئم کی نائب وزیرِاعظم اور  وزیر خارجہ  صوفی ولیمز کے ساتھ ملاقات  میں باہمی تعاون کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کی۔

 سفیرِ پاکستان نے شرکاء کو دیارِ غیر میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے حکومت کے حالیہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا  کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے غیر رہائشی پاکستانیوں کے لیے ملک میں رہائشی اور تجارتی املاک کے حصول کے لیے “روشن اپنا گھر” سکیم شروع کی ہے۔

بیلجیئم میں منعقدہ یو سی آئی ورلڈ روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی سائیکلنگ اسکواڈ کی شرکت  کے حوالے سے گفتگو کرتے  ہوئے سفیرِ پاکستان  نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی مرد اور خواتین سائیکل سواروں نے ملک کا مثبت امیج پیش کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کسی بھی بین الاقوامی سائیکلنگ ایونٹ میں پہلی بار شرکت کرنے پر پاکستانی خواتین سائیکل سواروں کی تعریف کی۔

 تقریب کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے قریبی رابطے برقرار رکھنے کے  وژن کے مطابق کیا گیا تھا تاکہ  بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں  کو خدمات تک فعال انداز میں رسائی حاصل ہو۔ آن لائن گفتگو میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

 کمیونٹی ممبران نے سفارتخانہ کی فراہم کردہ خدمات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے خاص طور پر بلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عہدیداروں تک آسان رسائی اور ان کے رویے کی تعریف کی۔