اسلام آباد،29ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت برآمد کنندگان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، برآمدات کا حجم بڑھانے کے لئے غیر روایتی مصنوعات پر توجہ دی جائے اور پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات افسران کے لئے اہداف متعین کئے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو برآمدات بڑھانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ حکومت برآمد کنندگان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے لئے مصنوعات میں تنوع لانے اور جغرافیائی طور پر ان ممالک پر توجہ دی جائے جہاں پاکستانی مصنوعات کی مارکیٹ موجود ہو۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات افسران کے لئے برآمدات میں اضافہ کے لئے اہداف متعین کئے جائیں اور اسی بنیاد پر ان کی کارکردگی جانچی جائے۔
اجلاس میں کامرس ڈویژن نے تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے آگاہ کیاکہ سال 18-2015 سے سال 21-2020 کے دوران ویلیو ایڈیڈ برآمدات میں 3.8 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، اسی مدت کے دوران غیر روایتی مصنوعات کی برآمدات میں 2.7 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، یہ اضافہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسی اور برآمد کنندگان کو دی گئی مراعات کی وجہ سے ممکن ہوسکا۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ روایتی طور پر پاکستان سے ٹیکسٹائل کی مصنوعات برآمد کی جارہی تھیں تاہم برآمدات کے حجم کو بڑھانے کے لئے غیر روایتی مصنوعات بشمول معدنیات، فوڈ پراڈکٹس، فروٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سرامکس وغیرہ برآمد کرنے کے لئے اقدامات لئے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔











