حیدرآباد؛پھیلتی سماجی برائیوں اور سرکاری اسکولز کی زبوں حالی کیخلاف 21ویں روز بھی احتجاجی کیمپ جاری

86

حیدرآباد، 13 ستمبر (ای پی پی): سندھ میں پھیلتی سماجی برائیوں اور سرکاری اسکولز کی زبوں حالی کے خلاف سندھ پاک تحریک کی جانب سے شاہجھان جونیجو کی سربراہی میں 21ویں روز بھی احتجاجی کیمپ جاری ہے، احتجاجی کیمپ میں شہر کی سماجی تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی اور اظہار ہمدردی کیا۔

 اس موقع پر احتجاجی کیمپ کے بانیان شاہجھان جونیجو، سرور ابڑو، عبدالغفور کیریو اور نادر ڈیرو نے ای پی پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم 22 روز سے شہر میں احتجاجی کیمپ لگائے بیٹھے ہیں کہ سندھ منشیات کا گڑہ بن چکا ہے۔ تمام سماجی برائیاں ختم کی جائیں، منشیات، جوا، آکڑا پرچی، شراب، چرس ہیروئن، آئس، گٹکہ، مین پڑی، سفینہ اور دیگر مضر صحت چیزوں کو فوری طور پر بند کیا جائے  اور سرکاری اسکولوں کی زبوں عمارتوں کو فوری طور پر نئے سرے سے تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈوآدم شہر کے قدیمی اور تاریخی گورنمنٹ سندھی مین پرائمری اسکول کے دونوں اطراف کے دروازے ٹوٹے ہوئے ہیں جن کا بنانے کا وعدہ ایس ڈی او ورکس عبدالحمید بھچو کر کے گیا تھا مگر ایک ہفتے سے زائد وقت گزر چکا ہے ابھی تک وہ گیٹ اور دیواریں نہیں بنی ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ شہر کے اندر سٹی پولیس اور ایس ایس پی سانگھڑ کی سرپرستی میں چلنے والی تمام سماجی برائیوں کو فوری طور پر ختم کرکے ہماری نوجوان نسل کو تباہ و برباد ہونے سے بچائیں و دیگر صورت ہمارا یہ پرامن احتجاج جاری رہیگا۔

انہوں نے کہا کے وفاقی حکومت نے منشیات کے روک تھام کیلئے آپریشن شروع کیے ہیں، سندھ حکومت تو اب سو رہی ہے، سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی ٹیم حلیم عادل شیخ کی سربراہی میں منشیات کے خلاف میدان میں ہے، ہم بھی ان کے ساتھ ہیں، ہمیں امید ہے کے ان کی کاوشین کارگر ثابت ہوں گی۔