خواتین کے ملکیتی حقوق کے تحفظ کیلئے وفاقی اور صوبائی محتسب کے اداروں کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت خواتین کے ملکیتی حقوق کے حوالے سے اجلاس

26

اسلام آباد،8ستمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کو جائیدادوں  کے ملکیتی حقوق فراہم کرکے بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، اسلام نے خواتین کو جائیداد کے  مالکانہ حقوق دیئے ، مگر افسوس کہ ملک کے بعض حصوں میں حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو خواتین کے ملکیتی حقوق  کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف  سینیٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم ، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف  ملیکہ علی بخاری  ، وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کشمالہ طارق اور  محتسب پنجاب  نبیلہ علی خان   نے شرکت کی۔ اجلاس میں  وفاق،  پنجاب اور  خیبرپختونخوا کی جانب سے پاس کئے گئے خواتین کے ملکیتی حقوق کے نفاذ کے ایکٹ  پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کشمالہ طارق  نے کہا کہ وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کو ویمن پراپرٹی رائٹس ایکٹ ، 2020 کے نفاذ کے بعد 116 شکایات موصول ہوئی  جن میں سے 15 کیسز زیر التوا ہیں جبکہ باقی متعلقہ محکموں کو کارروائی کیلئے بھیج دیئے گئے ہیں۔ محتسب پنجاب  نبیلہ علی خان    نے اجلاس میں بتایا کہ محتسب پنجاب کو  250 کیس موصول ہوئے ہیں ، ازالہ کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خواتین کو جائیدادوں  کے ملکیتی حقوق فراہم کرکے بااختیار بنانے کی ضرورت ہے، اسلام نے خواتین کو جائیداد کے  مالکانہ حقوق دیئے ، مگر افسوس کہ ملک کے بعض حصوں میں حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قوانین پر عملدرآمد سے خواتین کو مالی  طور پر خودمختار بنانے میں مدد ملے گی ، خواتین کے ملکیتی حقوق کے تحفظ کیلئے وفاقی اور صوبائی محتسب کے اداروں کو مزید  مضبوط کرنے کی ضرورت  ہے۔ اجلاس میں میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم چلانے ، علماء کی مدد سے لوگوں میں خواتین کے مالکانہ حقوق کے تحفظ بارے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔