خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ میں علماء کرام کے لیے3 ارب کا بجٹ مختص کیا ہے جس کے تحت 20 ہزار علماء کرام کو 15 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا ۔وفاقی وزیر مذہبی امور

31

لاہور، 1ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ افغانستان میں کئی عالمی طاقتیں پسپا ہو کر نکل رہی ہیں یہ تاریخ کا درخشندہ باب ہے۔امارت اسلامیہ افغانستان نے جو محرم میں اہل تشیع کے لیے کیا اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔  دینی اور مذہبی جماعتیں اپنے احساسات کو قابو میں رکھیں جب تک ریاست کا بیانیہ واضح نہیں ہو جاتا ۔افغانستان کی  بدلتی ہوئی صورتحال پر پاکستان کی پوری نظر ہے پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے اور اس کی تعمیر نو میں بنیادی حصہ دار بھی ہوگا ۔ پاکستان کو  اس وقت متحد ہونے کی ضرورت ہے ہمیں مسلکی لسانی اور دیگر بنیادوں پر تفریق میں  ڈالا جا رہا ہے۔دنیا کو بتانا ہے کہ تمام علماء اور اقلیتی برادری  ایک پیج پر ہیں۔ پاکستان کا آئین ختم نبوت اور حقوق نبوت کی حفاظت کرتا ہے۔جب میں ملک کے آئین کو دیکھتا ہوں  تو سکون محسوس کرتا ہوں۔ملک کی نظریاتی حدود کے مالک  ریاست کی توجہ کے منتظر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی یکجہتی امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام کے لیے تاریخ میں پہلی دفعہ تحریک انصاف کی حکومت نے سوچا اور خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ میں علماء کرام کے لیے تین ارب کا بجٹ مختص کیا ہے جس کے تحت بیس ہزار علماء کرام کو پندرہ ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے حکم دیا ہے کہ رواں سال میں یہ پنجاب اور اسلام آباد میں بھی منصوبہ شروع کیا جائے جس پر کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ممبر اور محراب کو جو آزادی حاصل ہے اس کی دنیا بھر میں نظیر نہیں ملتی اب علماء کرام کو چاہیے کہ اس آزادی کا غلط استعمال نا کریں ۔انہوں نے کہا کہ جنسی جرائم کے حل اور معاشرے کی تربیت کے  حوالے سے ممبر و محراب کے وارثان کو کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف و مہذبی امور سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ تمام مذاہب کی بنیاد محبت،احترام انسانیت اور رواداری پر ہے اور اسلام بھی انہی چیزوں کا داعی ہے ہمیں انسانیت کے ناطے ایک دوسرے کو قبول کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ،فرقہ واریت اور بد امنی کے خلاف محکمہ  مذہبی امور پر فورم پر آواز بلند کر رہا ہے اور عملی اقدامات کر رہا ہے جس کی وجہ سے سب تمام حرمت اور عقیدت والے ماہ آمن و آشتی سے گزر رہے ہیں ۔کانفرنس سے مولانا سید عبد الخبیر آزاد ، ظہیر احمد ظہیر، پیر محمد خان لغاری  ،پیر علی رضا کاشمیری تیری مفتی محمد رمضان سیالوی ، مولانا راغب حسین نعیمی، پیر حبیب عرفانی، مولانا آصف اکبر میر نے بھی خطاب کیا ۔