خیرپور،01ستمبر(اے پی پی):کسٹم حکام کا گاڑی پر چھاپہ ،میاں بیوی گرفتار ،لاکھوں روپے مالیت کی لائیٹ براؤن ہیروئن پاؤڈر برآمد کرلیا۔ اسٹنٹ کلیکٹر کسٹم سکھر عرفان منگی کی سربراہی میں انچارج انسپکٹر عارف میمن،انسپکٹر اشفاق شیخ ،انسپکٹر محمد سلیم،انسپکٹر آصف میمن و دیگر اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے خیرپور کے قریب قومی شاہراہ پر کراچی سے آزاد کشمیرجانے والی ایک کار کو روک لیا۔ کسٹم حکام نے دوران تلاشی سامان میں چھپایا گیا لائٹ براؤن ہیروئن پاؤڈر برآمد کر کے گاڑی میں سوار میاں بیوی کو حراست میں لے لیا اور گاڑی بھی اپنی تحویل میں لے لی۔
اسٹنٹ کیلکٹر کسٹم عرفان منگی کے مطابق کاروائی ڈرگ انفورسمنٹ سیل جناح ٹرمینل کراچی اور کلیکٹوریٹ کسٹم حیدرآباد کی اطلاع و ہدایت پر کی گئی۔ برآمد ہونے والے ہیروئن پاؤڈر کی عالمی منڈی میں مالیت ایک کروڑ تیس لاکھ روپے ہے۔ گرفتار میاں بیوی کا تعلق آزاد جموں و کشمیر سے ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ ان کا مقامی عدالت سے ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔