ملتان، 11 ستمبر (اے پی پی): سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین مہم کو کامیاب بنائیں گے،درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ،موجودہ دور میں درختوں کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار معروف تاجر میاں مشتاق اور بیرسٹر احمد ساہی اور سید منیر حیدر کے ہمراہ ہاؤسنگ دفتر میں شجر کاری کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ دفتر میں پودوں کی شجرکاری اور پر بھر پور توجہ دی جائے۔جنوبی پنجاب میں جاری واسا، پی ایچ اے اور دیگر ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ ریڈ ٹیپ چکر کا خاتمہ کریں گے،تمام سرگرمیوں کو بروقت مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے،کسی بھی کام میں غفلت اور دیری برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ دفتر میں آنے والے سائلین کو باعزت انداز سے ڈیل کیا جائے،تمام ملازمین وقت کی پابندی کریں۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری آصف رؤف،ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن ملک محمد سمیع،ڈپٹی سیکرٹری زاہد اقبال اور تمام سیکشن آفیسران موجود تھے۔