راولپنڈی،02 ستمبر(اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کی ممبران صوبائی اسمبلی سییمابیہ طاہر اور فرح آغا نے یونین کونسل 11 کا دورہ کیا اور20 ستمبر سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے بارے میں والدین کو آگاہی دی۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی سیمابیہ طاہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سرپرستی میں پاکستان پولیو کی جنگ جیتنے کے قریب ہے،انسداد پولیو مہم مرض کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پولیو کے انسداد میں انتہائی سنجیدہ ہے۔
ممبر صوبائی اسمبلی فرح آغا نے کہا کہ والدین کا فرض ہے کہ انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور تعاون کریں،والدین کے تعاون سے پاکستان کو پولیو سے پاک کیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عثمان غنی نے کہا کہ مہم کی کامیابی کے لئے کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلنا پڑے گا، پولیو کے انسداد میں ممبران اسمبلی کا کردار کلیدی ہے۔ممبران اسمبلی نے بچوں کو انسداد پولیو قطرے بھی پلائے۔قبل ازیں یونین کونسل پہنچنے پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے افسران نے ممبران کا استقبال کیا۔