رحیم یار خان،16 ستمبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد شیخ زید ہسپتال کورونا آئی سی یو وارڈ میں آکسیجن کی کمی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال پہنچ گئے اور انہوں نے سینٹرل آکسیجن سسٹم اور کورونا آئی سی یو وارڈ کا دورہ کیا۔اس موقع پرپرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر طارق احمد اور ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر آغا توحید اور اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری بھی موجود تھے۔
ہسپتال انتظامیہ نےبریفنگ میں بتایا شیخ زید ہسپتال کے سینٹرل آکسیجن سسٹم میں تکنیکی خرابی شام 5 بجے پیدا ہوئی،سینٹرل آکسیجن سسٹم کی سپلائی لائنز فریز ہونے کے باعث پریشر میں کمی واقع ہوئی،آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج مریضوں کو متبادل ذرائع سے آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے۔ سینٹرل آکسیجن سسٹم کے علاوہ ہسپتال میں 700 سے زائد آکسیجن سلینڈر موجود ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہشیخ زید ہسپتال کورونا آئی سی یو سمیت تمام وارڈز میں 90 فیصد آکسیجن بحال کر دی گئی ہے۔تکنیکی خرابی کے باعث آکسیجن کی بحالی متاثر ہوئی۔ ہسپتال انتظامیہ نے بروقت آکسیجن کے متبادل ذرائع استعمال کئے،آکسیجن کی کمی کے باعث ہسپتال میں کسی مریض کی موت واقع نہیں ہوئی
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سینٹرل آکسیجن سسٹم میں تکنیکی خرابی جانچنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔