سیالکوٹ۔11ستمبر (اے پی پی):ریسکیو1122سیالکوٹ نے ابتدائی طبی امداد کے عالمی دن کے موقع پر ریلی اور سیمینار کا انعقادکیا۔ترجمان ریسکیو کے مطابق بانی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122کی خصوصی ہدایت پر ابتدائی طبی امداد کے عالمی دن کے موقع پر ریسکیورز و ریسکیومحافظین نے ابتدائی طبی امداد کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ سے علامہ اقبال چوک تک آگاہی واک کی اور بعدازاں اسٹیشن پر سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا۔ واک کی قیادت ایمرجنسی آفیسر آپریشن عرفان یعقوب نے کی بعدازاں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بطور شہری ہم سب کو چاہیے کہ ہم ابتدائی طبی امداد کی تربیت لازمی حاصل کریں۔ ڈی جی ریسکیو1122ڈاکٹررضوان نصیر کے مشن کے تحت ہر گھر میں ایک ابتدائی مددگار تیار کریں جو کسی بھی حادثہ کی صورت میں ریسکیو کے پہنچنے سے پہلے حادثہ کے شکار زخمیوں کی زندگی بچانے میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آ فیسر انجینئر نوید اقبال نے کہا کہ ریسکیو1122عوام الناس کی خدمت میں دن رات مصروف عمل ہے لیکن حادثات میں ہونے والی اموات کی شرح کو کم کرنے لے لیے ابتدائی طبی امداد کی تربیت لازمی حاصل کریں تا کہ ہم مل کر اپنے معاشرے کو محفوظ بنا سکیں۔