ریونیو اور دیگر دفاتر کے افسران میرٹ اور شفافیت کے کلچر کے فروغ کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کریں؛ کمشنر ساہیوال علی بہادر

21

اوکاڑہ،21ستمبر(اے پی پی ):کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہونے چاہئیں اور یہ اس وقت ہی ممکن ہے جب سسٹم پوری توانائی سے کام کر رہا ہو ہمارے دفاتر لوگوں کے لئے سہولت اور آسانی پیدا کریں تاکہ لوگوں کو دفاتر اور کچہریوں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں کھلی کچہری میں عوام کی شکایات کے ازالہ کے لئے احکامات جاری کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر لوگوں نے سرکاری دفاتر سے متعلقہ اپنی شکایات،زمینوں پر قبضے، سرکاری زمینوں کی الاٹمنٹ سمیت، واپڈا،محکمہ انہار سے متعلق اپنی شکایات پیش کیں۔

کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا کہ سرکاری افسران اپنے اختیارات کو عوامی فلاح و بہود کے لئے استعمال کریں، دفاتر میں ریڈ ٹیپ ازم کا خاتمہ سسٹم کو بہتر کرنے میں بنیادی کردار ادا کرے گا، ریونیو سمیت دیگر دفاتر سے متعلقہ معاملات کی بہتری کے لئے افسران میرٹ اور شفافیت کے کلچر کے فروغ کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کریں۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ضلع میں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو لگائی جانیوالی ریونیو کھلی کچہری میں لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر   ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوصبااصغرعلی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس چوہدری طاہر امین،ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال، اسسٹنٹ کمشنر محمد آصف سمیت تمام وفاقی و صوبائی محکموں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے۔