ریاض، 08ستمبر(اے پی پی): سعودی عرب میں سفارتخانہ پاکستان میں یوم دفاع پاکستان کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف ممالک کے فوجی افسران سمیت اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل راحیل شریف، سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر بلال اکبر شریک تھے۔
سعودی دارالحکومت ریاض کے سفارتخانہ پاکستان میں ملٹری اتاشی بریگیڈیئر راجہ ہارون نے سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر کے ہمراہ غیر ملکی سفارتخانوں میں تعینات ملٹری اتاشی فوجی افسران سمیت دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ایمبیسی کے چانسری ہال میں منعقدہ تقریب میں غیر ملکی مہمانوں نے پاکستانی حکام کو چھ ستمبر 1965 کو افواج پاکستان کی دیدہ دلیری اور شجاعت پرمبارکباد پیش کی اور شہداء کی قربانیوں کو سراہا۔
سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں جنگ ستمبر کے حوالے سے کہا کہ پاکستانی افواج نے اپنے سے کئی گنا طاقت میں بڑے دشمن کو شکست دی اور وطن کی سرحدوں کی حفاظت کی، پاکستانی قوم آج بھی ان شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتی ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جہاں پاکستان کے ساتھ سرحدی جارحیت کرتا ہے وہیں مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 74 سالوں سے قابض ہے اور دو سال قبل اسکی جانب سے کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ہمارا ہمیشہ سے یہ مطالبہ رہا ہے کہ مسٔلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
انہوں نے افغانستان کے حوالے سے کہا کہ پاکستان افغانستان میں بھی امن کا خواہاں رہا ہے یہی وجہ ہے کہ عالمی برادری سے افغانستان کی تعمیر و ترقی کے لئے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے برادرانہ مراسم ہیں جو ہر گزرتے وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔