سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے کینالز متاثرین کو جلد از جلد متبادل جگہ فراہم کرنے کا حکم دے دیا

23

سکھر،01ستمبر(اے پی پی ): سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں سکھرکی نہروں کے کناروں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متاثر ہونے والے افراد کی جانب سے داخل کردہ آئینی پٹیشن کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران متاثرین کے وکیل محفوظ اعوان نے عدالت کو بتایاکہ متاثرین کو بے گھر ہوئے دو سال سے زائد عرصہ گذر چکاہے مگر اس وقت متاثرین کو متبادل جگہ نہیں ملی ہے، حکومت نے متاثرین بحالی کمیٹی قائم کی تھی اور نثار احمد صدیقی کو چیئرمین مقرر کیا گیا تھا مگر وہ انتقال کرچکے ہیں ان کے انتقال کے بعد سے کمیٹی غیر فعال ہے ۔

پٹیشنر کے وکیل کے دلائل کے بعد حکومت سندھ کے وکیل نے عدالت میں رپورٹ پیش کی کہ نثار احمد صدیقی کے انتقال کے بعد حکومت نے معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ ارسلان اسلام شیخ کو کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کیا ہے اور کمیٹی کو دوبارہ فعال کردیاہے جس پر عدالت نے سندھ حکومت کو حکم دیا کہ اب متاثرین کی بحالی میں دیر نہ کی جائے اور متاثرین کوفوری متبادل جگہ فراہم کی جائے جس پر حکومت کے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ عدالتی احکامات پر جلد سے جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔