سکھر؛ایس ایس پی نے عوامی شکایات پر ضلع کے 2ایس ایچ اوز، 28ہیڈمحرر کو معطل کرکے 21اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کردیا

32

سکھر،13ستمبر(اے پی پی): ایس ایس پی عرفان علی سموں نے عوامی شکایات سماجی برائیوں میں ملوث اور جوا، پرچی، منشیات کی سرپرستی کے الزام میں ضلع کے دو ایس ایچ اوز اور 28 ہیڈ محرر کو معطل کرکے 21 اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کردیا ۔

ایس ایس پی عرفان علی سموں نے عوامی شکایات پہ سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او پنو عاقل ذوالفقار چاچڑ اور ایس ایچ او بائجی شوکت آرائیں کو معطل کرکے لائن حاضر کردیا جبکہ منشیات، جوا کی روک تھام میں ناکامی اور ہدایات پہ عملدرآمد نہ کرنے پہ ضلع کے تمام ہیڈ محررز سمیت منشیات کی سرپرستی میں ملوث 21 پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔

اس موقع پر ایس ایس پی عرفان علی سموں نے کہا کہ محکمہ میں سماجی برائیوں اور جرائم پیشہ عناصرین کی سرپرستی کرنے والوں کی کوئی جگہ نہی ہے، محکمے میں موجود کالی بھیڑوں کی نشاندہی کرکے محکمہ کو ایسے عناصرین سے پاک کیا جا رہا ہے تاکہ محکمہ کا نام روشن ہو سکے۔

ایس ایس پی عرفان علی سموں نے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ منشیات کی فروخت کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں اور منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کاروائیاں کی جائیں، نااہلی پہ متعلقہ ایس ایچ اوز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔