سکھر؛ریلوے پولیس کی بڑی کاروائی،کباڑی کی دوکان سے لوہا ٹرک میں بھراجارہا تھا کہ ریلوے پولیس نے چھاپہ مار کر لوہا اورٹرک تحویل میں لے لیا

58

سکھر،14ستمبر(اے پی پی):ریلوے پولیس کی بڑی کاروائی،کباڑی کی دوکان سے ریلوے کا چوری شدہ مسروقہ سامان لوہا برآمد، لوہا ٹرک میں بھراجارہا تھا کہ ریلوے پولیس نے چھاپہ مار کر لوہا اور ٹرک تحویل میں لے لیا۔ لوہا چوری الزام میں ایک شخص گرفتار، دوفرارہوگئے، مقدمہ درج کرلیا گیا، ایس پی ریلوے سکھرنے کامیاب کارروائی پر پولیس پارٹی کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔

 ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق ایس ایچ او ریلوے تھانہ روہڑی الطاف حسین کی نگرانی میں امیر علی شاہ،علی ڈنو محمدیاسین اور دیگر ریلوے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ روہڑی کے قریب علی واہن بائے پاس پر موجود کباڑ کی دکان پر چھاپہ مارا جہاں کباڑ کی دکان سے دیگر سامان سمیت ٹرک میں ریلوے کا لوہا لوڈ کیا جارہا تھا۔ ریلوے پولیس نے موقع پر کاروائی کرتے ہوئے ٹرک کوتحویل میں لے لیا اور ایک شخص کو لوہاچوری کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ قبل ازیں پولیس کو دیکھتے ہی دوافراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اس سلسلے میں ایس ایچ او ریلوے تھانہ روہڑی الطاف حسین نے تصدیق کی کہ ٹرک کوان لوڈ کیا گیاتو ریل کا بڑے پیمانے پرمسروقہ لوہا22 عدد لائن کے ٹکرے مختلف سائزکے جن کی پیمائش 114.9 فٹ، 120 عدد ٹی بلٹ،40 عدد پِن،74 عدد گلے لوئے کی کیل،28 عدد چابی،7 عدد پلیٹ جوڑ،5 عدد پلیٹ کٹ،27 عدد انکر پلیٹ،6 عدد فش پلیٹ،5عدد ٹی بار،11عدد بیرنگ پلیٹ،3عدد انکر ڈبل،1 عدد اسٹیل سلیپر،1عددCST سلیپر،3 عدد اسکروپن کپلین،9 عدد بریکٹ،2عدد فلوٹنگ لیور،50 عدد بریک شوkey، 40عدد بریک بلاک، ریلوے میٹریل برآمد کیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ دیگر فرارملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ دوسری جانب ایس پی ریلوے پولیس سکھر ڈیڑن امجد منظور نے کامیاب کاروائی پر پولیس پارٹی کو شاباش کا پیغام دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔